Top Rated Posts ....
Search

Eid-ul-Adha gatherings across the world, including Pakistan; Sacrifices continue in line with the Sunnah of Abraham

Posted By: Akram Khan on 6 hours agoCategory: Political Videos, News


پاکستان سمیت سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی عقیدت، جوش و جذبے اور روایتی احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

ملک بھر میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات منعقد کیے جا رہے ہیں جہاں شہری ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دینے کے ساتھ سنتِ ابراہیمیؑ کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی بھی کر رہے ہیں۔

کراچی میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر نمازِ عید کے بڑے اجتماعات شہر کی مختلف مساجد، امام بارگاہوں، عید گاہوں اور کھلے میدانوں میں منعقد ہو رہے ہیں۔ اہم اجتماعات سبیل والی مسجد، میمن مسجد، فیضانِ مدینہ، مرکزی عید گاہ ناظم آباد، جامع مسجد فاروقِ اعظم، جامع مسجد نیو ٹاؤن، مسجد کنزالایمان، دارالعلوم نعیمیہ، دارالعلوم امجدیہ اور دیگر مقامات پر جاری ہیں۔

شہر قائد میں نمازِ عید کا سب سے بڑا اجتماع باغ جناح (پولو گراؤنڈ) میں منعقد کیا جا رہا ہے جہاں بڑی تعداد میں شہریوں کے علاوہ سیاسی و سماجی شخصیات، تاجر برادری اور غیر ملکی سفارتکار بھی نمازِ عید ادا کریں گے۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عید کا مرکزی اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جب کہ نمازِ عید کے بعد سنتِ ابراہیمی کی پیروی میں ملک بھر میں قربانی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

اس کے علاوہ سعودی عرب میں مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی ﷺ مدینہ منورہ میں بھی نمازِ عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوں گے جہاں لاکھوں فرزندانِ اسلام عبادات اور دعاؤں میں شریک ہوں گے۔

امریکا، برطانیہ اور یورپی ممالک میں مقیم مسلمان بھی آج عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہے ہیں جبکہ مختلف اسلامی مراکز اور مساجد میں نمازِ عید کے اجتماعات کا اہتمام کیا گیا ہے۔

قربانی کا گوشت مستحق افراد، رشتہ داروں اور اہلِ علاقہ میں تقسیم کیا جائے گا۔ نمازِ عید کے موقع پر ملک بھر میں نمازیوں اور شہریوں کی حفاظت کے لیے پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے بھرپور انتظامات کئے گئے ہیں۔

صفائی و ستھرائی کے حوالے سے میونسپل اداروں نے خصوصی پلان ترتیب دیا ہے۔ قربانی کی آلائشیں اور کچرا بروقت ٹھکانے لگانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں تاکہ صفائی کے نظام کو مؤثر رکھا جا سکے۔

Comments...
Advertisement


Follow on Twitter

Popular Posts
State Bank announces Eid holidays

State Bank announces Eid holidays

Views 46 | 22-05-2026
Your feedback is important for us, contact us for any queries.