Top Rated Posts ....
Search

Chinese companies are interested in developing heavy vehicles in Pakistan

Posted By: Ahmed on 24-12-2017 | 02:43:07Category: Political Videos, News




اسلام آباد: چین کی ہیوی ڈیوٹی گاڑیاں، انجن، اسپیئر پارٹس اور ٹائر تیار کرنے والی کمپنیوں کے ایک وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور پاکستان میں ہیوی ڈیوٹی گاڑیاں اور اسپیئر پارٹس تیار کرنے کے پلانٹس لگانے میں دلچسپی کا ا ظہار کیا۔

چینی کمپنیوں کے وفد میں چین کی جینان زانگزن انٹرنیشنل ٹریڈ کمپنی، جینان بونیٹ کمپنی لمیٹڈ، ہیبی زنجیاؤ ہیوی ڈیوٹی مشینری کمپنی لمیٹڈ، شنگائی چیزمیل ای کامرس کمپنی لمیٹڈ اور دیگر کمپنیوں کے نمائندے شامل تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چینی وفد کے ارکان نے کہا کہ وہ چین کی تقریبا 500آٹوموبائل کمپنیوں کی نمائندگی کرتے ہیں جو یورپ اسٹینڈرڈ کی گاڑیاں اور اسپیئر پارٹس تیار کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے موجودہ دورے کا مقصد پاکستان میں بڑی گاڑیوں اور اسپیئر پارٹس کے کاروبار کے مواقع تلاش کرنا ہے کیونکہ پاکستان ایک بڑی مارکیٹ کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شروع میں وہ اپنی گاڑیاں اور اسپیئر پارٹس پاکستان میں سپلائی کرنے کیلیے مقامی پارٹنرز کی تلاش میں ہیں اور کامیاب کاروبار کی صورت میں پاکستان میں گاڑیوں اور اسپیئر پارٹس کے پیداواری پلانٹس لگانا چاہتے ہیں۔

وفد کے ارکان نے کہا کہ وہ اس شعبے میں اپنی تکنیکی مہارت اور نالج پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ شیئر کرنا چاہتے ہیں تا کہ وہ بھی اپنے کاروبار کو فروغ دینے میں سہولت محسوس کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مقامی تاجر برادری میں اپنی مصنوعات اور کاروباری مواقع کے بارے میں آگہی پیدا کرنے کیلیے چیمبر میں ایک سیمینار بھی منعقد کرنے کیلیے تیار ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ پاکستان میں ہیوی ڈیوٹی گاڑیوں اور اسپیئر پارٹس کی بہت مانگ ہے کیونکہ ہمارے ملک میں 90فیصد تجارتی اور دیگر مال زمینی راستے سے ترسیل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان میں کئی انڈسٹریل زونز قائم کیے جائیں گے جس وجہ سے بڑی گاڑیوں اور ان کے اسپیئر پارٹس کی مانگ میںمزید اضافہ ہو گا لہذا انہوں نے کہا چین کے سرمایہ کاروں کیلیے یہی مناسب وقت ہے کہ وہ پاکستان میں جوائنٹ وینچرز کے ذریعے بڑی گاڑیاں اور اسپیئر پارٹس بنانے کے پلانٹس لگانے کی کوشش کریں۔

شیخ عامر وحید نے کہا کہ پاکستان میں ایک مضبوط مڈل گلاس ابھر رہی ہے اور چین کی گاڑیاں بنانے والی کمپنیاں اس گلاس کیلیے بھی ایک ہزار سی سی سے کم گاڑیاں بنانے کے امکانات کا جائزہ لیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین آٹوموبائل شعبے کی ایس ایم ایز کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے کی کوشش کریں کیونکہ پاکستان میں ان کیلیے کاروبار کے بے شمار مواقع پائے جاتے ہیں۔

علاوہ ازیں اسلام آباد چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد نوید اور نائب صدر نثار مرزا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور یقین دہانی کرائی کہ چیمبر چین کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں صحیح پارٹرنز کے ساتھ رابطہ قائم کرنے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

Comments...
Advertisement


Follow on Twitter

Popular Posts
Your feedback is important for us, contact us for any queries.