Top Rated Posts ....
Search

The views of AB de Villiers focus on Indian top position - Cricket News

Posted By: Wali on 25-12-2017 | 06:47:32Category: Political Videos, News


جوہانسبرگ / پورٹ آف ایلزبیتھ: بھارت سے ہوم سیریز میں جنوبی افریقی بیٹسمین ابراہم ڈی ویلیئرز نے ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن واپس لینے کو ہدف قرار دے دیا۔

ابراہم ڈی ویلیئرز نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ ہم بھارت کو شکست دیکر ٹیسٹ میں دوبارہ نمبرون ٹیم کا اعزاز اپنے قبضے میں کرلیں، یقینی طور پر یہ ہماری اولین ترجیح ہوگی، ہم اس سے زیادہ دور نہیں رہ سکتے، ہمیں اس بات کا ادراک ہے کہ آنے والے چند مہینوں میں ہمیں سخت حریف کو مات دیکر چند سیریز جیتنے کا چیلنج درپیش ہے، تاہم ہم قدم بقدم آگے بڑھتے ہوئے اپنے اہداف حاصل کرنا چاہیںگے،ہمارے لیے دوبارہ ورلڈ نمبرون ٹیم بننا نہایت خوش کن ہوگا اور ہم اس اعزاز کو چند برسوں تک برقرار بھی رکھنا چاہیں گے۔

رائٹ ہینڈ بیٹسمین کو جنوبی افریقہ نے زمبابوے کیخلاف باکسنگ ڈے پر شیڈول چار روزہ ٹیسٹ میچ کیلیے میزبان اسکواڈ میں شامل کیا ہے، انھوں نے کہا کہ میں طویل فارمیٹ میں دوبارہ کھیلنے کیلیے پوری طرح تیار ہوں، واضح رہے کہ ڈی ویلیئرز نے ٹیسٹ میچ سے عارضی طور پر دوری اختیار کی ہوئی تھی لیکن اس فارمیٹ میں واپسی کیلیے انھوں نے گذشتہ چھ ماہ سے سخت محنت کو اپنا شعار بنائے رکھا ہے، جہاں انھوں نے یونیورسٹی آف پریٹوریا میں لال گیند سے بیٹنگ پریکٹس بھی کی ہے، اس سے قبل انھوں نے جنوری 2016 میں انگلینڈ کیخلاف آخری بار ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔

بھارت کی لگاتار 9 ٹیسٹ سیریز سے متعلق سوال پر انھوں نے کہا کہ ویرات کوہلی یقینی طور پر آئندہ ماہ ہمارے ملک کے دورے میں تاریخ رقم کرنے کی کوشش کرے گا، دونوں ملکوں میں سیریز کا پہلا ٹیسٹ 5 جنوری سے کیپ ٹاؤن میں شیڈول ہے، کوہلی کی زیرقیادت بھارتی ٹیم لگاتار 9 ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب رہی ہے، انھوں نے تمام فارمیٹس میں تمام بڑی حریف ٹیموں کو شکست سے دوچار کیا ہے، کوہلی الیون کیلیے فتوحات کا یہ سلسلہ برقرار رکھنا کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ بھارت نے ابتک بیشتر سیریز ہوم کنڈیشنز میں کھیلی ہیں اور کوہلی الیون کا اصل امتحان جنوبی افریقہ کا یہ دورہ ہوگا جہاں کی کنڈیشنز ماضی میں بھی ایشین سائیڈز کیلیے کبھی موافق نہیں رہی ہیں، ڈی ویلیئرز نے کہا کہ ہم کوہلی کی بابت سب کچھ جانتے ہیںِ ، وہ بطور کپتان ہم سے آنے والی سیریز میں یقینی طور پر جیتنے کی کوشش کرے گا لیکن ہم نے بھی اسی کے مطابق اپنی تمام تر تیاریاں کررکھی ہیںِ ، ہمیں امید ہے کہ رواں سمر میں شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

ان فٹ ہونے کے باوجود ڈی ویلیئرز چار روزہ ٹیسٹ میچ کھیلنے کو تیار

جنوبی افریقی بیٹسمین ابراہم ڈی ویلیئرز کمر کی تکلیف سے مکمل طور پرنجات حاصل نہیں کرپائے، اس کے باوجود وہ منگل سے زمبابوے کے خلاف شروع ہونے والے چار روزہ ٹیسٹ میں شرکت کریں گے، وہ اسی تکلیف کی وجہ سے مہمان سائیڈ کے خلاف وارم اپ میچ سے بھی دستبردار ہوگئے تھے، انھوں نے آخری ٹیسٹ جنوری 2016 میں کھیلا تھا۔ ڈی ویلیئرز کہتے ہیں کہ میں بدستور کمر میں تکلیف محسوس کررہا ہوں، اگرچہ یہ زیادہ نہیں اور اس کے ساتھ ہی میں کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہوں مگر اس تکلیف کی وجہ سے مجھے اپنے کام کے دباؤ کو کنٹرول کرنا پڑتا ہے۔

Comments...
Advertisement


Follow on Twitter

Popular Posts
Your feedback is important for us, contact us for any queries.