Top Rated Posts ....
Search

Apart from major CPEC projects, more than 2,000 Chinese private companies are active in Pakistan.

Posted By: Akram on 01-12-2025 | 13:17:36Category: Political Videos, News


گیلپ پاکستان کی ایک نئی تجزیاتی رپورٹ جو پاکستان چائنہ جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبرشپ ڈیٹا پر مبنی ہے ظاہر کرتی ہے کہ پاکستان میں چین کی معاشی موجودگی تیزی سے بدل رہی ہے جس میں تجارت، آئی ٹی سروسز اور چھوٹے پیمانے کی مینوفیکچرنگ کا کردار نمایاں ہو گیا ہے،یہ تاثر کہ پاکستان میں چین کی موجودگی زیادہ تر سرکاری تعاون سے بننے والے بڑے انفرااسٹرکچر منصوبوں جیسے شاہراہیں، بجلی گھر اور گوادر پورٹ پر مشتمل ہے کے برعکس ، تازہ اعدادوشمار ایک مختلف اور زیادہ متنوع تصویر پیش کرتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سی پیک کے بڑے منصوبوں سے ہٹ کر اب ملک بھر میں 2000سے زائد چینی نجی کمپنیاں سرگرم ہیں۔گیلپ پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بلال گیلانی کے مطابق کارپوریٹ ڈیٹا ایک نئی حقیقت کی نشاندہی کرتا ہے،جب ہم پاکستان میں چین کی معاشی موجودگی کے بارے میں سوچتے ہیں تو ذہن فوری میگا انفرااسٹرکچر منصوبوں کی طرف جاتا ہے لیکن کمپنیوں کی رجسٹریشن کا جائزہ ایک بالکل مختلف اور زیادہ دلچسپ کہانی بیان کرتا ہے۔ڈیٹا سے واضح ہوتا ہے کہ چین کی چھوٹی اور درمیانے درجے کی متعدد کمپنیاں حکومتی سطح کے فریم ورک سے ہٹ کر خودمختار طور پر پاکستان آ رہی ہیں۔ ان میں تجارتی ادارے، سولر اور مشینری سپلائرز، چھوٹے مینوفیکچررز، انجینئرنگ ورکشاپس، آئی ٹی سپورٹ فراہم کرنے والی فرمیں، کنسلٹنسی سروسز، امپورٹ ایکسپورٹ کمپنیاں اور مائننگ ایکسپلوریشن یونٹس شامل ہیں۔ تجزیے کے مطابق تقریباً 49 فیصد چینی کمپنیاں اسلام آباد میں رجسٹرڈہیں جس کی بڑی وجہ وفاقی ریگولیٹرز، وزارتوں اور سی پیک سے متعلق اداروں کی قربت ہے۔شعبہ جاتی تقسیم پاکستان چین اقتصادی تعلقات کے بدلتے رجحان کو مزید واضح کرتی ہے۔ تجارت اور امپورٹ ایکسپورٹ کا شعبہ تمام چینی کمپنیوں میں 28 فیصد پر مشتمل ہے جبکہ تعمیرات اور انجینئرنگ کا شعبہ اپنی اہمیت رکھتا ہے مگر اس کا مرکزی کردار نہیں رہا۔اگرچہ توانائی کے منصوبے عوامی مباحثے میں نمایاں رہتے ہیں مگر اب وہ چین کی سرمایہ کاری کا محور نہیں رہے۔ ان کی جگہ آئی ٹی، مائننگ، سیرامکس، سروسز اور مخصوص صنعتی شعبوں میں سرگرمیوں کا بڑھتا ہوا سلسلہ لے رہا ہے۔گیلپ پاکستان کے مطابق یہ تبدیلی ایک میگا پراجیکٹمرکوز بیانیے سے ہٹ کرپاکستان اور چین کے درمیان زیادہ وسیع اور نچلی سطح پر قائم معاشی تعلقات کی طرف پیش قدمی کو ظاہر کرتی ہے۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے چینی کاروباروں کی آمد وہی رجحان دکھاتی ہے جو جنوب مشرقی ایشیا ء اور افریقی ممالک میں بھی دیکھا جا رہا ہے جہاں نجی چینی سرمایہ کار مقامی معیشتوں پر اثرانداز ہو رہے ہیں۔ماہرین کے مطابق اس رجحان کے پاکستان پر طویل المدتی اثرات ہوں گے جن میں روزگار کے نئے مواقع، ٹیکنالوجی کی منتقلی، سپلائی چین کی مضبوطی اور مقامی مہارتوں میں اضافہ شامل ہے۔

Comments...
Advertisement


Follow on Twitter

Popular Posts
Your feedback is important for us, contact us for any queries.